لکھنؤ:12 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے منگل کو نریندر مودی پر نشانہ لگایا ہے۔ انہوں نے پی ایم پر حملہ بولتے ہوئے ٹویٹ کئے جس میں موجودہ مرکزی حکومت کو جھوٹااور بدعنوان بتایا۔ انہوں نے کہا کہ’ جملہ پارٹی کے لیڈروں نے ذاتی تبصرے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ سیاست میں ذاتی باتیں وہی کرتے ہیں جو شکست خوردہ ہوتے ہیں۔ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ جھوٹ اور بدعنوان کریکٹر نہیں چھپے گا۔ اس سے پہلے اکھلیش یادو نے مودی کے ذریعہ کانپور اور لکھنؤ میں میٹرو ٹرین منصوبہ کا افتتاح کئے جانے کو لے کر ان پر نشانہ لگایا تھا۔ انہوں نے ٹویٹ کر کہا تھا کہ سنا ہے ایس پی کے وقت بنی لکھنؤ اور غازی آباد میٹرو کا دوبارہ افتتاح اور کانپور میں سنگ بنیاد کرنے دہلی سے ’شریمان‘ آ رہے ہیں۔ لگتا ہے وہ آخری بار افتتاح شوق پورا کر رہے ہیں۔ بس لکھنؤ والے اس بات کا یقین کر لیں کہ سنگی تختی پر ان کے سینئر کا نام ہے کہ نہیں۔